بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے صوبے کے مختلف اضلاع میں کارروائیاں کرتے ہوئے غیر معیاری اور مضر صحت خوراک کی فروخت کے خلاف کریک ڈان کیا، جس کے دوران مجموعی طور پر 22 مراکز کو جرمانہ جبکہ 10 سے زائد مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق کوئٹہ میں ملک سیفٹی ٹیم نے اے ون سٹی میں دودھ کی دکانوں کی چیکنگ کرتے ہوئے 2 ملک شاپس مالکان کو دودھ میں پانی کی آمیزش پر جرمانہ کیا جبکہ 4 کو معمولی نقائص پر نوٹسز جاری کیے گئے۔ اسی طرح ڈبل روڈ، سریاب روڈ، باچا آغا اور ایئرپورٹ روڈ پر کارروائیوں کے دوران بغیر لائسنس کاروبار، ناقص صفائی اور ایکسپائرڈ اشیا کی موجودگی پر متعدد مراکز کے خلاف ایکشن لیا گیا، جہاں 1 ریسٹورنٹ، 2 بیکری شاپس، 2 بیکنگ یونٹس اور ایک ڈیپارٹمنٹل اسٹور کو جرمانہ کیا گیا۔مزید برآں پرنس روڈ، سرکی روڈ، سرکلر روڈ اور اختر محمد روڈ پر بھی کارروائیاں کرتے ہوئے 1 ریسٹورنٹ، 1 سموسہ و پٹی رول یونٹ اور 1 نمکو یونٹ کو ناقص صفائی، مضر صحت رنگوں کے استعمال اور ممنوعہ چائنیز نمک رکھنے پر جرمانہ کیا گیا۔نوشکی میں بی ایف اے حکام نے مرکزی بازار میں کارروائی کرتے ہوئے 10 مٹن شاپس، 1 ریسٹورنٹ، 1 مصالحہ شاپ اور 1 جنرل اسٹور سمیت مجموعی طور پر 13 مراکز کو جرمانہ کیا، جہاں صفائی کی ابتر صورتحال، غیر معیاری اسٹوریج، حشرات کی موجودگی اور ممنوعہ اشیا کی فروخت سامنے آئی۔ڈیرہ اللہ یار میں بھی معائنے کے دوران متعدد مراکز کو معمولی خلاف ورزیوں پر اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے اور انہیں فوڈ سیفٹی اصولوں پر عملدرآمد کی ہدایت دی گئی، جبکہ دکی میں بی ایف اے ٹیم نے دکانداروں میں آگاہی مہم چلاتے ہوئے لائسنس فارم تقسیم کیے۔ترجمان نے اے پی پی کوبتایاکہ ان کارروائیوں کا مقصد عوام کو محفوظ، معیاری اور خالص خوراک کی فراہمی یقینی بنانا ہے، اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
Comments 0