وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیرِ صدارت ریاستی دفاعی کانفرنس "ہارڈننگ آف دی اسٹیٹ" کا بائیسواں اجلاس کوئٹہ میں منعقد ہوا جس میں صوبے میں امن و امان کے قیام، ریاستی رٹ کے استحکام اور ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اجلاس میں کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان، صوبائی وز یر داخلہ میر ضیاء لانگو اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی اجلاس کے دوران بلوچستان کی تعمیرو ترقی کے لیے دستیاب تمام وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لانے کی ہدایت کی گئی جبکہ مختلف جاری منصوبوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا اجلاس میں افغان مہاجرین کے انخلاء کے عمل پر تفصیلی غور کیا گیا اور اس حوالے سے جاری اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی گئی کہ مہاجرین کی باعزت اور منظم واپسی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ یہ فورم صوبے میں امن و امان کے قیام اور ترقیاتی منصوبوں پر مؤثر عملدرآمد کے لیے ایک مضبوط اور فعال پلیٹ فارم کے طور پر سامنے آیا ہے انہوں نے کہا کہ ترقی کے ثمرات بلوچستان کے عام آدمی تک پہنچانا ریاست کا بنیادی مشن ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام ادارے یکسوئی کے ساتھ کام کر رہے ہیں اجلاس کے شرکاء نے سیکیورٹی فورسز، پولیس اور بلوچستان کے غیور عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا، بالخصوص شہید لیڈی کانسٹیبل ملک ناز کی جرات و بہادری کو سراہا گیا جنہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے بلوچستان کے روشن اور پُرامن مستقبل کے لیے اپنی کاوشیں مزید تیز کرنے اور دن رات محنت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
Comments 0