بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کی معائنہ ٹیم نے کچلاک کے علاقے میں مختلف صحت مراکز کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر فوکل پرسن ڈاکٹر بسم اللہ خان کاکڑ بھی ٹیم کے ہمراہ موجود تھے۔معائنہ کے دوران صحت کے مراکز میں بی ایچ سی سی کے قواعد و ضوابط، عملے کی اہلیت، اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔کارروائی کے دوران ایک ہسپتال اور ایک پولی کلینک کو قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر وارننگ جاری کی گئی۔ مزید برآں، دو جی پی او پی ڈی کلینکس اور ایک لیبارٹری (جو پولی کلینک کے اندر واقع تھی)کو جرمانے عائد کرنے کے ساتھ سیل کر دیا گیا۔اسی طرح ایک حجامہ کلینک کو بھی خلاف ورزیوں کے باعث جرمانہ کیا گیا۔فوکل پرسن ڈاکٹربسم اللہ کاکڑ نے اے پی پی کوبتایاکہ بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن عوام کو معیاری، محفوظ اور مستند طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ عوام سے بھی گزارش ہے کہ غیر رجسٹرڈ اور غیر معیاری طبی مراکز کی نشاندہی کریں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
Comments 0