اسلام آباد۔28دسمبر (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں دہشتگردی اور لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال ابتر ہے، افغان مہاجرین کا وقت گزر گیا اب یہ غیر قانونی پناہ گزین ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں سینئر صحافی علمدار بلوچ کی والدہ کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ محمود خان اچکزئی کے والد، باچا خان اور محترمہ بی بی شہید نے بھی جیل کاٹی مگر کسی نے بھی پاکستان کے خلاف بات نہیں کی، ایک شخص اڈیالہ میں قید ہے اور انتشار کیلئے ٹویٹس کرتا ہے، مقدمات دلیل اور دلائل کیساتھ لڑے جاتے ہیں گالم گلوچ سے نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کی عمارت پر حملہ کس نے کیا؟ کرنل شیر خان کا مجسمہ کس نے گرایا؟ پی ٹی آئی کو اپنی پارٹی میں کوئی نہیں ملا تو ایمپورٹڈ لیڈر منگوائے، بتایا جائے ان ایمپورٹڈ لیڈران کی ایکسپائر ڈیٹ کیا ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ اڈیالہ کے باہر ایک واٹر کینن آیا تو ناصر عباس نے کہا کہ کربلا کا میدان ہے، کربلا کا میدان خیبر پختونخوا میں بنا ہوا ہے،ایک طرف کہتے ہیں مذاکرات کا اختیار اچکزئی اور راجہ ناصر عباس کو دیا ہے دوسری طرف سے ٹویٹ آتا ہے کہ کوئی مذاکرات نہیں کر رہے ہیں۔گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہم نے جنگ اور سفارتی میدان میں انڈیا کو شکست دی، ٹیلی گراف اخبار میں چیف آف ڈیفنس فورسز کی تعریف ہوئی ہے ۔
Comments 0