*قومی یکجہتی، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور مشترکہ وژن ہی بلوچستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی*
کوئٹہ, 24 دسمبر
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ وہ پاکستان آرمی کی قیادت کے شکر گزار ہیں جنہوں نے بلوچستان میں جاری مثبت پیش رفت اور بہتری کے عمل کو سراہا اور اس کی توثیق کی سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح کو مرکز بنا کر کی جانے والی ترقی، مقامی سطح پر بااختیاری کے اقدامات اور طرزِ حکمرانی سے مربوط سکیورٹی پالیسیوں کی حوصلہ افزائی اس اعتماد کو مزید مضبوط کرتی ہے کہ بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی ایک مشترکہ قومی ترجیح ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت اور قومی سلامتی کے ادارے باہمی ہم آہنگی کے ساتھ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام، مؤثر طرزِ حکمرانی اور عوامی مسائل کے دیرپا حل کے لیے سنجیدگی سے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ ترقی اور امن لازم و ملزوم ہیں اور عوام کی شمولیت کے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں حالیہ مثبت پیش رفت فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف ڈیفنس اسٹاف، کی غیر متزلزل سرپرستی، دور اندیش قیادت اور اسٹریٹجک وژن کا نتیجہ ہے انہوں نے بلوچستان میں تعینات پاک فوج کی مخلص، متحرک اور پیشہ ور ٹیم کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں اور انتھک کاوشیں صوبے میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے میں کلیدی حیثیت رکھتی ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی حکومت عوامی خدمت، مقامی بااختیاری اور شفاف طرزِ حکمرانی کو اپنی پالیسیوں کا محور بناتے ہوئے تمام ریاستی اداروں کے تعاون سے بلوچستان کو امن، ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن رکھے گی انہوں نے کہا کہ قومی یکجہتی، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور مشترکہ وژن ہی بلوچستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں
Comments 0