صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا ہے کہ حلقہ پی بی 39 کی ترقی و خوشحالی کے لیے موثر اور پائیدار اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں انفراسٹرکچر کی بحالی کا عمل تیزی سے جاری ہے جبکہ پانی، بجلی اور گیس کے مسائل کے حل کو بھی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ سال 2022 کے سیلاب کے دوران ان کے حلقے میں شدید تباہی ہوئی، مکانات، باغات اور بنیادی ڈھانچہ بری طرح متاثر ہوا۔ تاہم وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی دلچسپی سے ہنہ اوڑک میں مین ہنہ روڈ پر تیزی سے کام جاری ہے اور سیلابی خطرات کے پیش نظر فلڈ پروٹیکشن والز تعمیر کی گئی ہیں، جس سے مقامی آبادی کے مکانات اور باغات کو خاطر خواہ تحفظ ملا ہے۔بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ ہنہ اوڑک اور سرہ غوڑگئی میں گیس پریشر کے مسئلے کے حل کے لیے رواں سال سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے مثر اقدامات کیے جائیں گے، جس سے عوام کو ریلیف ملے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا رہا اور نواں کلی روڈ، جو گزشتہ دس برس سے عوام کے لیے مسئلہ بنا ہوا تھا، پر تیزی سے کام جاری ہے اور وہ خود اس کی نگرانی کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مختلف منصوبے مکمل کیے جائیں گے اور امسال شجرکاری مہم کے دوران پانچ ہزار سے زائد پودے لگائے جائیں گے۔ پارٹی کارکنان اور یوتھ موبلائزیشن موومنٹ کے تعاون سے عوام کو متحرک کیا جا رہا ہے تاکہ ماحولیاتی بہتری اور سماجی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششیں کی جا سکیں۔
Comments 0