پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری نواب محمد ایاز خان جوگیزئی نے گزشتہ دنوں کوئٹہ میں دہشتگردانہ واقعات میں شہید ہونیوالے پولیس آفیسر محمود الرحمن بازئی شہید اور تختانی بائی پاس میں ایک ہی گھر کے تین افراد شہید محمد حنیف خلجی ، شہید ثناء اللہ خلجی اور شہید ثناء محمد خلجی کے ایصال ثواب کے لیے علیحدہ علیحدہ فاتحہ خوانی کیں اور شہدا کی درجات کی بلندی اور غم زدہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ۔ نواب محمد ایاز خان جوگیزئی نے حالیہ واقعات اور حکومت کی بے بسی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی سالوں سے یہ نشاندہی کرتی چلی آئی ہے کہ دنیا کے مست سانڈ اس خطے اور ہمارے پر امن وطن کو میدان جنگ بنانے کے لیے منصوبہ بندی کررہے ہیں ۔ ان کی نظریں ہمارے عوام کے زمینوں،قدرتی وسائل، جنگلات کو قبضہ کرنے پر جمی ہوئی ہے اور وہ اس وطن کو ایک ایسے آگ کی جانب دھکیلے گے جس سے کوئی بھی محفوظ نہیں ہوگا۔ ایسے میں پشتون بلوچ سیال وبرادار اقوام کو اپنے معلوم تاریخی وطن ، وسائل کی دفاع کے لیے اتحاد واتفاق کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پشتون قوم کو آپس کی قبائلی رنجشوں میں سازش کے تحت دانستہ طور پر الجھایا گیا ہے اور انہیں اپنے اصل قومی اہداف کے حصول کے جاری پشتون قومی تحریک سے دور رکھ کر ان کے وسائل ، جنگلات ، زمینوں ، معدنیات پر ہاتھ صاف کیا جارہا ہے۔ پشتونوں کو آپس کی نفرتوں ، رنجشوں کا خاتمہ کرنا ہوگا اور متحد ومنظم ہوکر اپنے آبائو اجداد کے تاریخی وطن کی دفاع کرنی ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ جو حالات آج ہم سب کے سامنے ہیں اس کا مقابلہ صرف منظم سیاسی جمہوری جدوجہد جدوجہد سے ممکن ہے۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی کے کارکن عوام کو متحد ومنظم کرنے اور اپنے قومی اہداف کے حصول کی جاری جدوجہد کو تقویت بخشنے کے لیے عوام تک پارٹی پیغام پہنچائیں۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی ہی پشتونوں کو نجات دہندہ ہے اور اس وقت ملک کے تمام محکوم اقوام ومظلوم عوام کی ترجمانی میںصف اول کا کردار ادا کررہی ہے۔ نواب محمد ایاز خان جوگیزئی نے پارٹی ضلع ژوب کے ضلع ایگزیکٹیو ر الف افغان اور مخلص خان مندوخیل کے بھائی اور پولیس سپاہی شہید اشرف خان مندوخیل سکنہ ولہ اکرم اور دیگر پولیس سپاہیوںاور بے گناہ نہتے شہریوں کی قتل عام پر ان کے خاندانوں سے دلی رنج وغم کا اظہار کیا اور عبداللہ خلجی، محمد نعیم خلجی،محمد رحیم خلجی سمیت تمام زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی اور کہا کہ حکومت زخمی ہونیوالے تمام شہریوں کی بہتر علاج ومعالجے کی سہولیات فراہم کرے اورمتاثرہ خاندانوں کے ساتھ انتظامیہ فوری رابطہ ودیگر اقدامات کے لیے تعاون کرے۔ اس موقع پر مرکزی کمیٹی کے رکن اعظم صاحب، صوبائی رابطہ سیکرٹری گل خلجی ، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری صورت خان کاکڑ، ضلع کوئٹہ کے اطلاعات سیکرٹری فیصل کاکڑ، ضلع ڈپٹی سیکرٹری نعیم خان اچکزئی ،سریاب تحصیل سینئر معاون سیکرٹری سید عبدالخالق آغا، اطلاعات سیکرٹری صدام خان اچکزئی ، پشتونخوا ایس او ضلع کوئٹہ کے سیکرٹری یار محمد بریال اور سریاب تحصیل کے دیگر رہنماء وکارکن موجود تھے۔
Comments 0