خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں پانچ ماہ کے دوران 4فیصد اضافہ
لیج تعاون کونسل (جی سی سی ) کے رکن ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں سالانہ بنیادوں پر4فیصد کا اضافہ ریکارڈکیا گیا ہے۔ سٹیٹ بنک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق سعودی عرب اور یو اے ای کے علاوہ خلیج تعاون کونسل کے دیگر رکن ممالک، بحرین، کویت، قطر اور اومان میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 1.544ارب ڈالر زرمبادلہ ارسا ل کیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 4فیصد زیادہ ہے۔
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں جی سی سی کے مذکورہ ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 1.484ارب ڈالر زرمبادلہ ارسال کیا تھا۔نومبر میں جی سی سی ممالک سے ترسیلات زر کا حجم 298.8ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو اکتوبرمیں 345.9ملین ڈالر اور گزشتہ سال نومبرمیں 303ملین ڈالر تھا۔ واضح رہے کہ جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں سمندر پار پاکستانیوں کی مجموعی ترسیلات زر کا حجم 16.145ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 14.766ارب ڈالر کے مقابلے میں 9.3فیصد زیادہ ہے۔
Comments 0