اسلام آباد(اے پی پی):ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ خطے میں تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر حکومت پاکستان نے ایران سے پاکستانی شہریوں کے انخلاء کو آسان بنانے اور بیرون ملک مختلف مقامات پر پھنسے ہوئے اپنے شہریوں کی معاونت کےلئے بروقت اور فعال اقدامات کئے ہیں۔ جمعرات کو دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی شہریوں کے ایران سے انخلاء اور خطے کے دیگر ممالک میں موجود پاکستانیوں کی سہولت کےلئے کئے گئے اقدامات سے متعلق ذرائع ابلاغ کے سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ وزارت خارجہ کا کرائسز مینجمنٹ یونٹ چوبیس گھنٹے فعال ہے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کرتے ہوئے پاکستانی شہریوں کو درکار معاونت فراہم کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات پر بیرون ملک پاکستانی سفارتی مشنز میں سپیشل فسیلیٹیشن ڈیسک قائم کئے گئے ہیں تاکہ پھنسے ہوئے پاکستانی شہریوں کو ویزا سہولت، لاجسٹکس اور سفری انتظامات میں مدد کی جاسکے۔ ترجمان نے کہا کہ اس کے علاوہ مشنز نے خصوصی موبائل ایپلیکیشنز، رجسٹریشن پورٹلز اور ہیلپ لائنز بھی متعارف کرائی ہیں تاکہ پاکستانی شہریوں تک بروقت رسائی اور مدد ممکن بنائی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سفارتی مشنز میزبان حکومتوں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں تاکہ پاکستانی کمیونٹی کو ضروری قونصلر سہولیات فراہم کی جاسکیں۔
طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ فضائی رابطوں کی جزوی بحالی کے بعد بیرونِ ملک پھنسے ہوئے پاکستانی شہری کمرشل پروازوں کے ذریعے اپنی متعلقہ منزلوں کی جانب واپسی شروع کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے تحفظ اور ان کی محفوظ اور بروقت واپسی کو یقینی بنانے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔
Comments 0