اسلام آباد۔ (اے پی پی):ملک بھر میں حج فلائٹ آپریشن 2026 تیزی کے ساتھ جاری ہے اور عازمینِ حج کی روانگی میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، اب تک 21 پروازوں کے ذریعے 5 ہزار 250 سرکاری عازمین مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔ترجمان وزارتِ مذہبی امورنے بتایا کہ فلائٹ شیڈول کے تحت آج بروز منگل مزید 13 پروازوں کے ذریعے 3 ہزار 510 عازمین حجازِ مقدس کے لیے روانہ ہوں گے۔ ان پروازوں میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے 4، کراچی، لاہور، ملتان اور کوئٹہ سے 2، 2 جبکہ سیالکوٹ سے ایک پرواز شامل ہے۔
سرکاری حج آپریشن کو کامیاب بنانے کے لیے پی آئی اے، سعودی ایئر، ایئر بلیو اور ایئر سیال کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔عازمین کی سہولت کے لیے ملک کے 10 حاجی کیمپوں میں تربیت، سفری دستاویزات کی تیاری اور ویکسینیشن کا عمل بھی مرحلہ وار جاری ہے۔ وزارتِ مذہبی امور کا عملہ پاکستان اور سعودی عرب کے ایئرپورٹس پر 24 گھنٹے تعینات ہے تاکہ عازمین کو ہر ممکن رہنمائی فراہم کی جا سکے۔ واضح رہے کہ حج کا یہ فضائی آپریشن ان شاء اللہ 31 مئی تک بلا تعطل جاری رہے گا۔
Comments 0