ہزارہ برادری کے مزدوروں اور ایگل اسکواڈ کے ہاتھوں خالد ساسولی کا قتل قابل مذمت ہے ،غلام نبی مری

ہزارہ برادری کے مزدوروں اور ایگل اسکواڈ کے ہاتھوں خالد ساسولی کا قتل قابل مذمت ہے ،غلام نبی مری
بلوچستان نیشنل پارٹی کے ممبر سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی غلام نبی مری اور ضلعی کونسلر نسیم جاوید ہزارہ نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں ہزارگنجی کے مقام پر ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے چار مزدور افراد پر ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس افسوسناک واقعے میں دو افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوئے، جو قابلِ تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر مختلف اقوام، بشمول بلوچ، پشتون، ہزارہ اور دیگر برادریوں پر مشتمل ایک پُرامن شہر رہا ہے، تاہم حالیہ واقعات نے شہریوں میں تشویش پیدا کی ہے۔ انہوں نے ایگل اسکواڈ کے اہلکاروں کے ہاتھوں خالد ساسولی کی شہادت پر بھی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے اور ایسے واقعات کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں تاکہ ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کے تحفظ کو یقینی بنانا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں مؤثر اقدامات کیے جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی ہمیشہ مظلوم عوام کی آواز بلند کرتی رہی ہے اور سردار اختر جان مینگل کی قیادت میں اپنی جمہوری اور سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارٹی ہر قسم کے تشدد اور دہشت گردی کے خلاف پرامن اور جمہوری طریقے سے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے مل کر صوبے میں امن، ہم آہنگی اور استحکام کے قیام کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں گے تاکہ عوام خود کو محفوظ محسوس کر سکیں۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.