کوئٹہ: محکمہ واسا حکام کی نااہلی بل ادا کرنے والے شہری بھی پانی سے محروم

کوئٹہ: محکمہ واسا حکام کی نااہلی بل ادا کرنے والے شہری بھی پانی سے محروم
محکمہ واسا کے آفیسران کی ناقص کارکردگی اور انتظامی نااہلی ایک بار پھر کھل کر سامنے آ گئی ہے، جہاں اپنی ذمہ داریوں سے پہلو تہی کرتے ہوئے اس کا ملبہ براہِ راست صارفین پر ڈالا جا رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق جن علاقوں میں بلوں کی ادائیگی کی شرح کم ہے، وہاں اجتماعی سزا کے طور پر نہ صرف نادہندگان بلکہ باقاعدگی سے بل ادا کرنے والے صارفین کو بھی پانی کی فراہمی بند کر دی گئی ہے، جو کہ سراسر ناانصافی اور عوامی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ذرائع کے مطابق ایس ڈی اوز کی جانب سے متعدد ٹیوب ویلز کو بند کر دیا گیا ہے، جس کے باعث گزشتہ ایک ہفتے سے وہ صارفین بھی پانی جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہیں جو باقاعدگی سے اپنے واجبات ادا کر رہے ہیں۔ اس صورتحال نے شہریوں میں شدید غم و غصہ پیدا کر دیا ہے اور لوگ سخت مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ محکمہ واسا اپنی نااہلی چھپانے کے لیے ایسے اقدامات کر رہا ہے، جبکہ اصل مسئلہ ناقص منصوبہ بندی، بدانتظامی اور ریکوری نظام کی کمزوری ہے۔ عوامی نمائندوں اور شہریوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بل ادا کرنے والے صارفین کو پانی کی فراہمی بلا تعطل یقینی بنائی جائے اور ذمہ دار افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر اس غیر منصفانہ طرزِ عمل کو فوری طور پر ختم نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.