امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، دہشتگردوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی، صوبائی وزیر داخلہ کی پریس کانفرنس

امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، دہشتگردوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی، صوبائی وزیر داخلہ کی پریس کانفرنس
صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو نے کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان کے قیام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں بلا تفریق جاری رہیں گی۔ انہوں نے یہ بات سول سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ محمد حمزہ شفقات، وزیر داخلہ کے معاون برائے میڈیا افیئرز بابر یوسف زئی سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان کی واضح ہدایت ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے منفی استعمال سے معاشرے پر گہرے اثرات مرتب ہو رہے ہیں، تاہم حکومت کی خواہش نہیں ہوتی کہ صوبے میں آپریشنز کیے جائیں، لیکن حالات کے پیش نظر اقدامات ناگزیر ہو جاتے ہیں۔میر ضیا اللہ لانگو نے کہاکہ بلوچستان میں تمام مسائل حل نہیں ہوئے، تاہم موجودہ حکومت سنجیدگی سے بہتری کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کا موقف واضح ہے کہ ریاستی اداروں کے علاوہ کسی کے پاس ہتھیار نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ بیرونی عناصر، خصوصا بھارت، دہشتگردی کو ہوا دے رہے ہیں افغانستان ہمارا برادر ملک ہے لیکن ہماری سیکورٹی فورسز اور نمازی بھی محفوظ نہیں ہے تو کیا اپنا دفاع بھی نہیں کرنا چاہیے ؟ ۔ ان کا کہنا تھا کہ کم عمر نوجوانوں اور خواتین کا منفی استعمال کیا جا رہا ہے، جو قابل مذمت ہے۔معاون وزیر داخلہ بابر یوسف زئی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ رات دہشتگردوں نے کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں میں حملوں کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں ایک شہری جاں بحق جبکہ 11 افراد زخمی ہوئے۔ مستونگ، جھل مگسی اور دیگر علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملے ناکام بنا دیے۔ جھل مگسی میں ایک دہشتگرد ہلاک جبکہ دو کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔بابر یوسف زئی کے مطابق مستونگ کے اسپلنجی چیک پوسٹ اور جھل مگسی کے پولیس تھانے پر حملے کیے گئے، جنہیں سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنایا، تاہم ایک 11 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے سیکیورٹی فورسز کا بھرپور ساتھ دیا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت بلوچستان امن کے قیام، تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.